گجرات میں دلتوں کا پھر احتجاج‘ ایک نوجوان نے زہر پی کر خودکشی کرلی

Aug 01, 2016

احمد آباد(اے ایف پی) بھارتی ریاست گجرات میں گائو رکھشا دل نامی انتہا پسند ہندو تنظیم کے غنڈوں کے تشدد کیخلاف ہزاروں دلت افراد پھر بطور احتجاج سڑکوں پر نکل آئے۔ پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو توڑ پھوڑ اور تشدد سے روکنے کیلئے انکا گھیرائو کرلیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دلت رہنما جگنیش میوانی نے کہا کہ دلتوں پر صدیوں سے بہت مظالم ہورہے ہیں، ہمیں اونچی ذات والے منہ لگانا پسند نہیں کرتے۔ اب انہوں نے گیرسومنات ضلع میں ہمارے 6نوجوانوں کو ننگا کرکے سرعام مارا یہ ذلالت ہم سے برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان غصے میں ہیں وہ حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں کی بے حسی پر بطور احتجاج خودکشیاں کرنے کی کوششیں کررہے ہیں اور ایک زہر پینے والا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔ بی جے پی ہو یا کانگریس کسی کو ہماری پرواہ نہیں مگر ہم اتحاد سے صدیوں پرانی ناانصافیوں اور مظالم کا بت توڑ دینگے ۔ دریں اثناء احمد آباد پولیس کے حکام نے 24 سالہ دلت نوجوان کی زہر پینے سے ہلاکت کی تصدیق کردی۔

مزیدخبریں