لاڑکانہ: رینجرز پر حملے کا مقدمہ درج، مزید 15 افراد گرفتار

Aug 01, 2016

لاڑکانہ (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) رینجرز پر بم دھماکے کا مقدمہ ولید تھانے میں 4 نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ولید تھانے میں رینجرز اہلکار اسلم سیال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ 19 گھنٹے بعد درج ہونے والے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ دریں اثناء لاڑکانہ، قمبر، شہداد کوٹ اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، اب تک 25افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس کے ساتھ رینجرز بھی حملہ آوروں کو تلاش کر رہی ہے۔ گزشتہ روز 10 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مزید 15 کو اتوار کے روز پکڑا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر زراعت سہیل انور سیال نے ہسپتال میں زخمی رینجرز اہلکار کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کے ردعمل میں دہشت گرد کارروائیاں کر رہے ہیں، حملے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو میں کوئی اختلاف نہیں۔

مزیدخبریں