7 اگست کو پشاور سے پنڈی ریلی ہفتہ وار احتجاجی مارچ کا اعلان، وزیراعظم کو قانون کی تابعداری پر مجبور کر دیں گے:عمران

اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے پاناما لیکس پر حکومتی رویے کے خلاف ہفتہ وار احتجاجی مارچ کا اعلان کردیا۔ بنی گالا میں تحریک انصاف کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ اجلاس میں پاناما لیکس کی بنیاد پر حکومت کو وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں کی تحقیقات کرانے کے لیے احتجاجی تحریک پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران کی قیادت میں پاناما لیکس پر ہر ہفتے الگ الگ شہروں میں مارچ کیا جائے گا۔ 7 اگست کو پشاور سے راولپنڈی تک مارچ ہوگا، عمران پشاور سے ہی مارچ کی قیادت کریں گے، جس کے بعد 13 اور 14 اگست کو بھی احتجاج کیا جائے گا۔ نعیم الحق نے کہا کہ 6 اگست کو ٹی آو آر کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے، تحریک انصاف اس اجلاس میں شرکت کرے گی اور حکومتی رویہ دیکھ کر آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت کی مشاورت سے پارٹی انتخابات کو مؤخر کردیا گیا ہے، پنجاب کے ریجنل صدور کا اعلان کردیا گیا ہے، جلد ہی سندھ اور خیبر پختونخوا کے لیے نئے تنظیمی عہدیداروں کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتی ہے۔ کشمیریوں کو حق دیئے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا، عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اقدامات کریں۔ دریں اثناء عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعظم کو قانون کی تابعداری پر مجبور کر دیں گے، 7 اگست پاکستان میں ایک نئی تاریخ کا نقطہ آغاز ہوگا، قوم کی امیدوں کا واحد مرکز تحریک انصاف ہے، پاکستان میں کرپٹ اور بدعنوان سیاسی ٹولہ جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، خیبر سے کراچی تک عوام کو متحرک کریں گے، پاکستان تاریخ کے اہم ترین دوراہے پر کھڑا ہے۔ کرپٹ اشرافیہ یا مستحکم جمہوریت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، ترکی میں سیاستدانوں سے بڑھ کر عوام نے جمہوریت کی حفاظت کی۔

ای پیپر دی نیشن