نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی ریاست اترپردیش میں گائے ذبح کرنے کے شبہ میں انتہاپسند ہندووں کی جانب سے مسلمان شہری کے گھر پر حملے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔بھارتی اخبارکی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے علاقہ مظفرنگر کے گائوں کاڈلی میں گزشتہ روز انتہاپسند ہندئووں نے ایک مسلمان شہری ذیشان قریشی کے گھر پر حملہ کردیا۔انتہاپسندوں کا کہنا تھا کہ ذیشان قریشی نے گھر میں گائے ذبح کی ہے۔ اس دوران انتہا پسندوں کے خوف سے خاندان کے ارکان گھر سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔انتہاپسندوں نے ذیشان کے گھر کو جلانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں منتشر کردیا۔بعد میں پولیس نے انتہاپسند ہندووں کی بجائے متاثرہ خاندان کے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔واقعے کے بعد علاقہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیاہے۔