راجناتھ پاکستان آنے کی غلطی نہ کریں، حکمران کشمیری شہدا کے خون سے غداری کر رہے ہیں: سراج الحق

لاہور/فیروزوالا (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والے آزادی کشمیر مارچ سے مناواں پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی معاشی، قومیت یا علاقائیت کا مسئلہ نہیں یہ نظریاتی جنگ ہے۔ ہم خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر تین جنگیں مسلط کیں اور کشمیریوں کی نسل کشی کیلئے 70سال سے جارحیت کررہا ہے مگر عالمی برادری نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ بھارت کو سمجھ لینا چاہئے کہ یہ قوم اب اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور اپنے کشمیری بھائیوں پر ہونے والے ایک ایک ظلم کا حساب چکائیں گے۔ بھارت کو بہت جلد کشمیر سے عبرت ناک شکست کھا کر نکلنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کشمیری شہدا قبر میں بھی اپنے جسموں پر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم لپیٹ کر اترتے ہیں مگر ہمارے حکمران بھارت سے دوستی اور تجارت کیلئے کشمیری شہدا کے خون سے غداری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو متنبہ کرتے ہیں وہ پاکستان آنے کی غلطی نہ کریں انہیں پاکستان میں کوئی ویلکم نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں کوئی مستقل وزیر خارجہ نہیں بنایا اب میں حکمرانوں سے کہتا ہوں وہ کشمیر میں بھارتی غاصب فوج کی بربریت کا شکار ہونے والے کشمیریوں کے لئے ایک نائب وزیر خارجہ ہی مقرر کر لیں جو کشمیر کے معاملے کو حل کرنے کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کرے۔ انہوں نے کہا کشمیر پر اقوام متحدہ اندھی بہری اور گونگی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں کی طرح پاکستان میں یوم سیاہ منائیں گے اور مظفر آباد سے چکوٹھی تک کشمیر مارچ کریں گے اور اعلان کرینگے کہ لائن آف کنٹرول کو نہیں مانتے اور اس دیوار برلن کو ایک دن گرا کر دم لیں گے۔ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر بھارت کیلئے ایک آتش فشاں بن چکا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ انہوںنے نوازشریف سے کہا اب تک آپ کو عبدالباسط کو واپس بلا لینا چاہئے تھا اور بھارت سے ہر طرح کے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کر دینے چاہئیں تھے۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان منافقت چھوڑ دے، اسے بھارت کے وزیر داخلہ کو پاکستان نہیں بلانا چاہئے۔ ممتاز کشمیری رہنما غلام محمد صفی نے سید علی گیلانی کی طرف سے سراج الحق اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس سے قبل ناصر باغ سے آزادی کشمیر شروع ہوا تو قیادت سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ سعید نے کی۔ پروفیسر حافظ سعید نے کہا کہ حکومت پاکستان ایسی کشمیر پالیسی بنائے جو آزادی کشمیر پر منتج ہو۔ قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ راج ناتھ سنگھ ہزاروں کشمیریوں کا قاتل ہے۔ پاکستان میں فوٹو سیشن ہونگے، ملاقاتیں اور پروٹوکول ہو گا، قوم حکمرانوں سے سوال کرتی ہے کہ راجناتھ کا استقبال کر کے کشمیریوں کے زخموں پر کتنا نمک چھڑکیں گے؟ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی تحصیل فیروزوالا اور شاہدرہ کے کارکنوں نے یکجہتی کشمیر ریلی لاہور سے واہگہ بارڈر میںشرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...