اے ایم سیز کے امیدواروں کے کوائف کی تصدیق کرنے کی ہدایت

لاہور(کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو اے ایم سیز میں ملازمت کے خواہش مند افراد کے کوائف کی تصدیق کرنے کی ہدایت جاری ہے ایس ای سی پی کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا انتظام و انصرام ایسے اہل افراد کے پاس ہو جو دیانت داری، صداقت، اپنی بھرپور صلاحیت اور اہلیت کے مطابق اپنے کار ہائے منصبی انجا م دے سکیں۔ موجودہ انضباطی فریم ورک اس ضمن میں اے ایم سیز کے انتظام و انصرام کے لئے اہل اور دیانت دار اشخاص کے تقرر کے لئے شفاف گائیڈ لائنز کی صراحت کرتا ہے۔ اس میں مزید بہتری لانے کے لئے ایس ای سی پی تمام اے ایم سیز سے متقاضی ہے کہ وہ اے ایم سیز میں ملازمت کے خواہش مند افراد کے کوائف کی تفصیلی جانچ کریں۔ آئندہ سے اے ایم سیز کے لئے لازمی قرار دے دیا گیا ہے کہ وہ ملازمت پر رکھے گئے اشخاص کے کوائف کی سابقہ آجر سے ملازمت پر رکھے جانے کے نوے دن کے اندر اندر تصدیق کریں۔ اے ایم سیز کو اس ضمن میں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ کوائف کی تصدیق کے وقت دیانت داری، رویے، موزونیت اور طرزِ عمل جیسے عوامل پر بطورِ خاص توجہ دیں۔

ای پیپر دی نیشن