لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے برمنگھم پہنچ چکی ہیں ۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز اپنے کوچز کی زیر نگرانی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ میچ تین اگست سے شروع ہوگا۔ قومی کرکٹرز نے کوچز کی زیر نگرانی دوڑ میں حصہ لیا ‘ورزش سیشن کے دوران مختلف ورزشیں کی گئیں ۔ فیلڈنگ کوچ نے کھلاڑیوں کو کیچ کرنے کی پریکٹس کرائی ۔ بائولنگ اور بیٹنگ کوچ نے بھی مختلف سیشنز کے دوران کھلاڑیوں کو مختلف تکنیکس سے آگاہ کیا۔ قومی آل رائونڈر محمد حفیظ کے دوبارہ پاکستانی ٹیم کی جانب سے بائولنگ کرتے ہوئے دکھائی جانے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو امید ہے کہ بولنگ ایکشن کے ریمیڈیل ورک کے بعد حفیظ کلیئر ہوجائیں گے۔پاکستانی ٹیم انتظامیہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل آل راونڈر محمد حفیظ کا بولنگ ٹیسٹ کرانا چاہتی ہے۔امکان ہے کہ وہ سیریز سے قبل لیفبرا میں آئی سی سی کی تصدیق شدہ بایو میکنک لیبارٹری میں مشکو ک بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرائیں گے اور ون ڈے سیریز میں بولنگ کے لئے دستیاب ہوں گے۔محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر آئی سی سی نے گذشتہ سال ایک سال کے لئے پابندی لگائی تھی۔آف اسپنر ایک سال گذارنے کے بعد اب بولنگ کراسکتے ہیں۔ووسٹر میں محمد حفیظ روانہ3گھنٹے اپنے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔حفیظ پر امید ہیں کہ ان کا بولنگ ایشن کلیئر ہوجائے گا اور وہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں بولنگ کراسکیں گے۔ میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ لیفبرا بر منگھم کے قریب ہے اس لئے میں وہیں ٹیسٹ کرانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔گھٹنے کی تکلیف اب کم ہوگئی ہے، اس لئے گذشتہ ایک ہفتے سے اپنے ایکشن پر کام کررہا ہوں۔ویسٹ انڈین سنیل نرائن کے بولنگ ایکشن پر کام کرنے والے سابق کاونٹی بولر کارل کرو کی خدمات پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے حاصل کی ہے۔کارل کرو پاکستانی سپورٹ اسٹاف کے ساتھ مل کر حفیظ کے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔