کیلیفورنیا (بی بی سی) امریکہ کے لیوک ایکنز پہلے ایسے انسان ہیں جنہوں نے کامیابی کے ساتھ 25 ہزار فٹ کی بلندی سے بغیر پیراشوٹ کے چھلانگ لگائی اور بحفاظت جال میں گرے۔ مسٹر ایکنز نے مختلف بلندیوں سے تقریباً 18 ہزار بار چھلانگ لگا رکھی ہے۔ انہوں نے یہ چھلانگ جنوبی کیلیفورنیا کے سیمی ویلی میں لگائی اور جال کے مرکز میں گرے۔ دو منٹ پر مشتمل ان کی مہم کو فوکس ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا۔ گرنے کے دوران 42 سالہ ایکنز نے 120 میل یعنی تقریباً 193 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار حاصل کی۔ انہوں نے اعتراف کیا چھلانگ لگانے سے قبل وہ نروس تھے۔ انہوں نے کہا ’یہ بس ہو گیا۔ میرے منہ سے تو الفاظ نکل ہی نہیں رہے ہیں۔‘ انہوں نے کہا ایک وقت وہ اس چھلانگ کو منسوخ کرنے کا ارادہ کر رہے تھے کیونکہ انہیں حفاظتی اقدام کے طور پر پیراشوٹ پہننے کا حکم دیا گیا تھا اور اس کے اضافی وزن کی وجہ سے ان کا گرنا اور بھی مشکل ہو جاتا۔ تاہم منتظمین نے چھلانگ سے ذرا قبل یہ شرط ہٹا لی۔
بغیر پیرا شوٹ 25 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ، امریکی مہم جو کا عالمی ریکارڈ
Aug 01, 2016