راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں‘ وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتیں۔ ملک کی ترقی اور تعمیر کیلئے تاریخ سے رہنمائی ناگزیر عمل ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح کا کردار اور افکار پاکستان اور جمہوریت کیلئے ایک مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت محترمہ فاطمہ جناح کے ویژن پر عمل پیرا ہے اور ان ہی کے کردار کی تقلید کی تلاش میں خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں برابر کے مواقع دینے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ’’جناح تھنکر فورم‘‘ کے زیراہتمام محترمہ کے 124 ویں یوم ولادت کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ راجہ ظفرالحق نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جس کا نظریہ اسلام ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح نے پاکستان کے قیام کیلئے بانی پاکستان کے شانہ بشانہ جدوجہد کی اور پاکستان کے حصول کی منزل کو آسان بنانے میں قابل فراموش کردار ادا کیا۔ پاکستان اور جمہوری کے حوالے سے قائداعظم کے افکار کو قوم تک پہنچانے میں بھی محترمہ فاطمہ جناح نے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔ پارلیمانی نظام حکومت صدارتی نظام سے بہت بہتر اور پاکستان کیلئے سودمند ہے کیونکہ اس میں مشاورت کا عمل ہوتا ہے۔ پنجاب وفاق کی تمام اکائیوں میں سب سے بڑا بھائی ہے جو سب صوبوں کو ساتھ لیکر چل رہا ہے۔
تاریخ کو بھلانے والی قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں: ظفرالحق
Aug 01, 2017