دوحہ+ جدہ (آن لائن+ اے ایف پی) قطر کے حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے قطری عازمین حج کی حفاظت کی ضمانت نہ دینے کے باعث ان کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں ماہ 20 جولائی کو ریاض کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ قطری شہری جو اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں, انہیں حرم شریف میں داخلے کی تو اجازت ہوگی، لیکن ساتھ ہی انہیں کچھ پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ وزارت برائے اسلامی امور نے سرکاری نیوز ایجنسی ' کیو این اے ' پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب نے عازمین حج کی حفاظت اور حج کے دوران انہیں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ قطری وزارت نے ریاض پر اسلام کے ستون (یعنی حج) کے معاملے پر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا، جس کے نتیجے میں بہت سے مسلمان مقدس فریضہ سرانجام دینے سے محروم رہ جائیں گے۔ قطری وزارت نے سعودی عرب اور اتحادیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 'ان پابندیوں کا مقصد قطر سے مکہ جانے والے عازمین کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے'۔ سعودی وزیر خارجہ عدال الجبیر نے عربیہ نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'حج کے انتظامات کی عالمگیریت کا مطالبہ کرنا ایک جارحانہ اقدام اور طبل جنگ ہے'۔ قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے الجزیرہ نیوز چینل سے گفتگو کے دوران ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ قطری حکام کی جانب سے حج کی عالمگیریت کے حوالے سے ایک بھی بیان نہیں دیا گیا۔ قطری ہوائی جہازوں کو 9 مخصوص فضائی روٹس استعمال کرنے کی اجازت مل گئی۔
”سیاست ہو رہی ہے“ قطر‘ سعودی عرب پر عازمین حج کو روکنے کا الزام لگا دیا
Aug 01, 2017