جدہ (آئی این پی) سعودی عرب کے معروف اخبار نے نواز شریف کی معزولی کو ملک میں جمہوریت کے لئے خطرناک قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے ملک معاشی طور پر عدم استحکام کا شکار ہوسکتا ہے‘ تاہم نامزد وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے بہترین وزیراعظم ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ ان کے اندر ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر کی صلاحیتیں بدرجہ اتم موجود ہیں، ان کا بطور نامزد وزیراعظم نام سن کر بیوروکریسی سخت پریشان ہے۔ معروف اخبار البلاد نے نواز شریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد کی صورتحال پر اپنی رپورٹ میں کہا کہ پانامہ کیس کے دوران پاکستان کی سٹاک مارکیٹ پر منفی اثرات پڑے اس دوران کاروباری مندی کا رجحان رہا جو ملک کے لئے بہتر نہیں۔ رپورٹ میں معروف سعودی ماہر صنعت و معاشیات غیاث الدین کے حوالے سے کہا کہ سٹاک مارکیٹ تقریباً پندرہ فیصد تک نیچے گری ، فوری طور پر صورتحال میں استحکام کی کم امید ہے اس میں وقت لگے گا کیونکہ ابھی نئی کابینہ میں نئے لوگ آئیں گے جن کو اپنی پوزیشن بنانی ہے۔ سعودی عرب کی بیسک کیمیکل انڈسٹری کے پاکستانی نژاد منیجر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نواز شریف جلد سیاست میں دوبارہ آجائیں گے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ موجودہ واقعات نے مسلم لیگ (ن) کو مزید متحد ہونے اور سخت محنت کرنے کا موقع فراہم کردیا ہے۔
سعودی عرب
نوازشریف کی معزولی جمہوریت کیلئے خطرہ‘ پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے: سعودی اخبار
Aug 01, 2017