.مراکشی سفیر کا استقبالیہ‘ پاکستان کی داخلی صورتحال موضوع گفتگو رہی

اسلام آباد (جاوید صدیق) مراکش کے شاہ کی تخت نشینی کی سالگرہ استقبالیہ جو مراکش کے سفیر محمد کارمون نے دیا تھا سفارتکاروں میں موضوع گفتگو پاکستان کی داخلی صورتحال تھی۔ سفارت کار یہ جاننا چاہتے تھے کہ پاکستان میں اب کیا ہو گا۔ قطر کے سفیر استفسار کر رہے تھے کہ وزارت عظمیٰ کے لئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی وزیراعظم منتخب ہو جائیں گے۔ قطر کے سفیر نے شاہد خاقان عباسی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ شریف اور دیانتدار وزیر تھے۔ ان سے نوائے وقت نے استفسار کیا کہ حال ہی میں قطر کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا جو دورہ کیا تھا اس کی کیا اہمیت تھی تو سفیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور قطر اور دوسرے ملکوں کے درمیان مصالحت کی کوششیں کرتا آ رہا ہے۔ قطر کے وزیر خارجہ کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی تھی۔ قطری سفیر سے پوچھا گیا کہ پاکستان کے حالیہ سیاسی بحران میں قطرکا حوالہ بار بار آتا رہا ہے۔ کبھی قطر کے شاہی خاندان کے ایک رکن کے سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے خط کے حوالے سے اور کبھی قطری وفود کے دوروں کے حوالے سے تو قطر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قطر قریبی اور دوست ممالک ہیں ان کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ مراکش کے سفیر کے استقبالیہ میں دوسرے عرب ملکوں کے سفارت کار بھی پاکستان کے داخلی معاملات خاص طور پر نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بارے میں سوالات کرتے رہے۔ شہباز شریف کی بطور وزیراعظم نامزدگی اور انتخاب میں بھی کئی عرب ملکوں کے سفیر دلچسپی کا اظہار کر رہے تھے۔ مغربی ممالک کے سفارت کار بھی پاکستان کی اندرونی صورتحال پر بحث مباحثہ کرتے رہے۔ پاکستان کی داخلی صورتحال اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سفارت کار پاکستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں وہ اپنے دارالحکومتوں کو تازہ ترین حالات سے باخبر رکھنے کے لئے رپورٹیں ارسال کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...