اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی پالیسیوں کو جاری رکھا جائے گا، بھاری اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہو جائوں گا، اس لئے متبادل امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ ان کی وفاقی کابینہ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ نواز شریف کے قوم سے کئے وعدوں کو پورا کروں گا‘ اگروزیراعظم خود وزیر خارجہ ہو تو کوئی حرج نہیں‘ پرامن ہمسائیگی کی پالیسی جاری رہے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ سابق وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ، شیخ آفتاب احمد، سردار یوسف، زاہد حامد، سائرہ افضل تارڑ و دیگر بھی موجود تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم بننے کے بعد سلسلہ وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ٹوٹا تھا۔ اعتماد کرنے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کروں گا۔ کابینہ کا فیصلہ ایک دو روز میں ہوجائے گا۔ جو ہماری حکومت کی ترجیحات تھیں وہی میری بھی رہیں گی، وزیراعظم آئینی طریقہ کار سے بنتا ہے، پٹیشنز کا کوئی اثر نہیں ہوگا، ہر قسم کی فضول پٹیشنز کرنے کی روایت پڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ نے ہمیں شائستگی کا سبق دیا، عوام فیصلہ کریں گے کہ ان کی زبان درست ہے یا ہماری۔ شاہد خاقان نے مزید کہا کہ وزیراعظم آئینی طریقہ کار سے بنتا ہے، پٹیشنز کا کوئی اثر نہیں ہوگا، ہر قسم کی فضول پٹیشنز کرنے کی روایت پڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 30 سال سے قومی اسمبلی میں ہوں اور 20 سے 22 بار اثاثوں کی تفصیلات دی ہیں، میرے اثاثوں سے متعلق جس کو شک ہو تو وہ درخواست دائرکرسکتا ہے، میں بغیرکسی وکیل کے اس درخواست کا جواب دوں گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم ہائوس میں شفٹ نہیں ہوں گے میں نے درخواست کی ہے مجھے اپنے گھر میں رہنے دیں۔ نوازشریف نے حقائق عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں ہمت ہے ریفرنس دائر کرے میں مقابلہ کروں گا۔ شوق سے سپریم کورٹ جائے ہم کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں کوئی بھی سمجھدار وکیل سپریم کورٹ کے فیصلے کی حمایت نہیں کرتا۔ وزیراعظم کا انتخاب اکثریت سے جیتیں گے۔
وزیراعظم ہائوس شفٹ نہیں ہوں گا نواز شریف کی پالیسیاں جاری رکھیں گے:شاہد خاقان
Aug 01, 2017