اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)قومی احتساب بیورو(نیب)نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریفرنسز سپریم کورٹ کے فیصلے کے 6 ہفتوں کے اندر دائر کیا جائے گا جو عدالتی فیصلے کے پیراگراف 9 میں درج کمپنیوں سے متعلق ہوگاسپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قومی احتساب بیورو کے چیرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور اور پراسیکیوٹر جنرل وقار کریم بھی شریک ہوئے جب کہ نیب کے پراسیکیوشن ونگ نے افسروں کو پانامہ کیس فیصلے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے حوالے سے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا اس ضمن میں نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف 4 مختلف ایشوز پر ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو نیب راولپنڈی کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔ ریفرنس میاں نوازشریف، حسن، حسین، مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف دائر کیے جائیں گے جن کی نگرانی نیب راولپنڈی کرے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی تاریخ سے 6 ہفتے کی مقرر کردہ مدت کے دوران اسلام آباد/راولپنڈی کی احتساب عدالتوں میں چار ریفرنسز دائر کئے جائیں گے۔ یہ ریفرنسز ذیل میں مذکورہ کیسز میں اثاثوں کے حوالہ سے جے آئی ٹی کی جانب سے اس کی رپورٹ میں جمع اور حوالہ دیئے گئے مواد اور ایف آئی اے و نیب کے پاس دستیاب مواد یا بعد ازاں دستیاب ہونے والا ایسا مواد جو جے آئی ٹی کی طرف سے مختلف دائرہ اختیار کو باہمی قانونی معاونت کیلئے بھیجی جانے والی درخواستوں سے دستیاب ہو سکتا ہو، کی بنیاد پر پر تیار کئے جائیں گے۔ ان چار ریفرنسز میں ایونفیلڈ پراپرٹیز (فلیٹ نمبر16 اور 16 اے، 17 اور 17 اے ایونفیلڈ ہائوس، پارک لین لندن، برطانیہ) سے متعلق ریفرنس، عزیزیہ سٹیل کمپنی اور ہل میٹل کمپنی سے متعلق ریفرنس، سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیراگراف 9 میں بیان کی گئی کمپنیوں سے متعلق ریفرنس اور مدعا علیہ نمبر 10 کی جانب سے معلوم ذرائع سے زائد اثاثہ جات رکھنے سے متعلق ریفرنس شامل ہے۔ متعلقہ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس تمام عمل کو مقررہ مدت کے اندر مستعدی اور پیشہ وارانہ انداز میں مکمل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق عرفان منگی کو اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں نیب نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حدیبیہ پیپرز ملز کیس کو لاہور ہائیکورٹ نے ختم کیا تھا حدیبیہ کیس میں نیب کی ا پیل آئندہ ماہ دائر کئے جانے کا امکان ہے۔ نیب ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ عرفان نعیم منگی کو ڈی جی راولپنڈی تعینات نہیں کیا میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔
نیب نے نواز شریف بچوں, اسحاق ڈار اور کیپٹن صفدر کیخلاف 4 ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا
Aug 01, 2017