لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجا ب کے زیراہتمام کوچز اینڈ سوئمرز کا چار روزہ تربیتی کیمپ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں پیر کے روز شروع ہوگیا ہے، کیمپ کے پہلے روز بین الاقوامی کوچ اور سوئمر نک گالنگھم اورلیڈی جو نے کوچز کو تربیت دی، اپنے لیکچر میں نک گالنگھم اورلیڈی جو نے کوچز کو سوئمنگ کی جدید تکنیک اور سوئمنگ میںہونیوالی نئی تبدیلیوں کے متعلق آگاہ کیا، مسٹر نک گالنگھم نے کہا کہ کوچ کا سوئمنگ کی دنیا میں نئی رونما ہونیوالی تبدیلیوں اور تکنیک سے آگاہ ہونا انتہائی ضروری ہے، کوچ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ہر سوئمر کی خامیوں سے آگاہ ہو اور ان پر قابو پانے کیلئے سوئمر کی رہنمائی کرے۔، مسٹر نک گالنگھم کا کہنا تھا کہ کوچ کو سوئمر کی فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ کیمپ میں 40کوچز کو تربیت دی گئی۔ تربیتی کیمپ میں کوچز کی ٹریننگ کے بعد باقی تین یوم میں مسٹر نک گالنگھم اور انکی ٹیم سوئمرز کو تربیت دیں گے اور سوئمرز کو ان کی خامیوں کی نشاندہی کریں گے تاکہ سوئمرز ان پر قابو پا سکیں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے دو روزہ ٹرائلز کے بعد 12،14،16ایج گروپ کے 125بوائز اور 35گرلز کا انتخاب کیا ہے جن کو کیمپ میں تربیت دی جائے گی۔تربیتی کیمپ 3اگست تک جاری رہے گا۔