تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا، پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرلیں، عمران خان کو اخلاقی کرپٹ قرار دیتے ہوئے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے تحت کارروائی کا بھی مطالبہ کردیا

Aug 01, 2017 | 21:15

ویب ڈیسک

تحریک انصاف کی خواتین کیلئے مخصوص نشست پر منتخب رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرلی، سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک بد کردار شخص ہیں، پارٹی میں ماﺅں بہنوں کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں، عمران خان خود کو پٹھان کہتا ہے لیکن درحقیقت وہ دو نمبر پٹھان ہے، بڑے عرصے سے یہ چیزیں برداشت کیں لیکن اب مزید برداشت نہیں کر سکتی ، بہت جلد پریس کانفرنس میں حقائق سامنے لاﺅں گی.

عائشہ گلالئی نے کہا کہ پارٹی میں خواتین کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی ،کارکنوں کو چھوٹے لوگ سمجھا جاتا ہے، عمران خان غرورو تکبر سے بھرے ہوئے ہیں اور صرف پیسوں اور جہازوں کو اہمیت دیتے ہیں، ان سے تو نواز شریف بہت اچھے ہیں جو ماﺅں ، بہنوں کی عزت کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک صوبے میں کرپشن کر رہے ہیں.

عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ اگر ملک کا سربراہ آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے تحت نا اہل ہو سکتا ہے تو اخلاقی کرپٹ انسان پر بھی یہ آرٹیکل لاگو ہونا چاہیے. انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے سے بھی انکار کردیا اور کہا کہ  قومی اسمبلی کی نشست عوام کی امانت ہے اور وہ اپنی یہ پوزیشن برقرار رکھ کر عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتی رہیں گی.

مزیدخبریں