ایس ایم منیر کی وفد کے ہمراہ امریکا میں پاکستانی سفیرسے ملاقات

Aug 01, 2018

کراچی(کامرس ڈیسک)امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں وسعت اور مزید بہتری کیلئے انکی کوششیں  جاری ہیں،امریکی حکام نے پاکستان میں بننے والی نئی متوقع حکومت سے بھی ملکر کام کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے،رواں ماہ میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات بھی متاثر کن رہی تھی اور میں نے امریکی حکام کے رویے میں پاکستان کے بارے کسی قسم کی مخالفانہ جذبات نہیں دیکھے،پاکستان اور امریکا کے تجارتی تعلقات جلد بڑھیں گے اور عنقریب امریکا کی کئی کمپنیاں پاکستان میں نظر آئیں گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹی ڈی اے پی)کے سابق چیف ایگزیکٹوآفیسر اور ایف پی سی سی آئی میںیونائٹیڈ بزنس گروپ(یوبی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرسے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں ان سے ملاقات کی تھی۔اس موقع پر یو بی جی کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین نوید بخاری اور نوراحمدخان بھی موجود تھے۔پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ پاکستان سے امریکا برآمد کئے جانے والے مال پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ امریکی حکام سے بات چیت جاری ہے،امریکا پاکستانی مصنوعات کا ایک بہت بڑا امپورٹر ہے اس لئے ہم پاکستانی مصنوعات کو امریکی مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے اورتجارت میں تیزی لانے کیلئے کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹ؁رمپ سے ملاقات میں بھی میں اس خواہش کااظہار کیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے اور امریکی صدر ٹرمپ نے مجھے یقین دلایا کہ پاکستان کے ساتھ ہرسطح پر تعلقات میں بہتری لائی جائے گی اس لئے مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں امریکا کے ساتھ سفارتی،تجارتی تعلقات بہتر ہونے کے قوی امکانات ہیں۔علی جہانگیرصدیقی نے ایس ایم منیر سے کہا کہ پاکستان سے ایف پی سی سی آئی کا ایک وفد امریکا کے دورے پر آئے جس میں امپورٹرز،ایکسپورٹرز شامل ہوں جبکہ میری بھی ہرممکن کوشش ہے کہ امریکا کے سرمایہ کاروں اور نامور تاجروں کا وفد پاکستان کا دورہ کرے،اس طرح دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہوگا اور مارکیٹوں کے جائزے کے مواقع ملیں گے۔

مزیدخبریں