سانگلاہل(نمائندہ نوائے وقت) بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناحؒ کی ہمشیرہ اور مادر ملت فاطمہ جناح کا 126 واں یوم پیدائش قومی جوش و جذبے سے منایا گیا،انجمن ترقی نسواں کے زیر اہتمام چلڈرن اکیڈمک سنٹر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مادر ملت کی تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدو جہد سمیت ملک و قوم کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا،تقریب کی صدارت چیئرپرسن گلشان اختر نے کی،تقریب سے کرن شہزادی،ادیبہ شہباز،صبیحہ افتخار، نادیہ شفیع،بابرہ ندیم اور شبانہ امداد نے بھی خطاب کیا، گلشان اختر نے کہا کہ حصول پاکستان کی جدوجہد میں مسلمان عورتوں میں زندگی کی نئی روح پھونکنے والی محترمہ فاطمہ جناح جذبہ خدمت اور جرات و بے باکی میں قائداعظم کی مثل تھیں،کرن شہزادی نے کہا کہ محترمہ نے مسلمان عورتوں میں زندگی کی ایک نئی روح پھونک دی،یہ انھی کی کوششوں کا نتیجہ تھا کہ حصول پاکستان کی جدوجہد میں مسلمان عورتوں نے بھی مردوں کے ساتھ قابل تعریف خدمات انجام دیں،قائداعظم شدید علیل ہوئے تو محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی کی خدمت اور تیمارداری میں دن رات ایک کردیا اور قائد اعظم کی وفات کے بعد ان کا مشن آگے بڑھایا،ادیبہ شہباز نے کہا کہ فاطمہ جناح نے 1965ء کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیا مگر وہ حکومتی مشینری اور بیورو کریسی کی سازشوں کے ہاتھوں شکست کھا گئیں اور سیاست سے کنارہ کش ہوگئیں۔