منیلا(آئی این پی )فلپائن میں خود کش کار بم دھماکے میں 10فوجی ہلاک 5زخمی ہو گئے، چیک پوسٹ پر روکنے کا اشارہ کرنے پر گاڑی کے ڈرائیور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلپائن کے جنوبی علاقے باسیلان میں بم سے مسلح گاڑی کے ساتھ کئے گئے خود کش حملے میں 10 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے ہیں۔لامیتان شہر کے بلدیہ مئیر روڈرک فروگے نے کہا ہے کہ بولانٹنگ گاوں کی فوجی چیک پوسٹ پر 10 سیٹوں والی ایک گاڑی کو روکا گیا جس کا ڈرائیور مشتبہ حرکات کر رہا تھا اور اس کا لہجہ بھی مقامی لہجے سے مختلف تھا۔فروگے نے کہا ہے کہ جیسے ہی سکیورٹی فورسز پوچھ گچھ کے لئے ڈرائیور کے قریب گئے گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی۔دھماکے میں خود کش حملہ آور کے ساتھ ساتھ 5 فوجی، ایک کیپٹن، 3 عورتیں اور ایک بچہ ہلاک ہو گیا ہے جبکہ 5 فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں۔خود کش حملے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور حکام کے احتمال کے مطابق حملہ دہشتگرد تنظیم داعش سے منسلک ابو سیاف تنظیم کی طرف سے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملائیشیا اور فلپائن کے درمیان 1991 سے لے کر اب تک فعال دہشتگرد تنظیم ابو سیاف تشدد ، اغوا اور یرغمال جیسی کاروائیوں کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔مذکورہ دہشت گرد تنظیم 'منداناو 'اور 'سولو ' میں آزاد حکومت قائم کرنے کے لئے فلپائن کے جنوب میں تشدد کی کاروائیاں کر تی رہتی ہے۔
فلپائن: خودکش کاربم دھماکہ، 10 فوجی ہلاک، 5 زخمی
Aug 01, 2018