پی او اے ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ‘ایشین گیمز میں شرکت کیلئے سپورٹس بورڈ کو خط

Aug 01, 2018

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں اہم معاملات کی منظوری کیساتھ ساتھ، جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے نوح دستگیر بٹ کو ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا اجلاس لاہور میں ہوا جس کی صدارت پی او اے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے کی۔ ہاوس کو بتایا گیا کہ ایشین گیمز 2018ء میں پاکستان کا 245 رکنی دستہ شرکت کرے گا جس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کا معاملہ کلیئر نہ ہونے کی بنا پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ دو جوڈو کھلاڑی جس میں شاہ حسین شاہ اور قیصر حسین این او سی پرچم تلے پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ اس موقع پر فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کو خیبر پی کے اولمپک ایسوسی ایشن میں انضمام اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے الیکشن معاملہ متعلقہ آئینی اور الیکشن کمشن کے سپرد کر دیا گیا۔ 33 ویں نیشنل گیمز، نیشنل بیچ گیمز، پانچویں بین الالصوبائی گیمز اور پہلی نیشنل یوتھ گیمز کے انعقاد کے معاملے کو بھی زیر بحث لایا گیا جس میں نیشنل گیمز کے انعقاد کیلئے بلوچستان میں نئے الیکشن کے بعد بننے والی نئی حکومت کیساتھ بلوچستان اولمپک کمیٹی اور بلوچستان حکومت کے ساتھ ملکر گیمز کے انعقاد کو فائنل کیا جائیگا جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کیلئے نیشنل یوتھ گیمز کو پی او اے سالانہ کیلنڈر میں شامل کیا جائیگا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کو پی او اے کی نیشنل اولمپک اکیڈمی اور مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے تجاویز مانگی گئیں۔ صوبائی سپورٹس ایسوسی ایشنز کے نیشنل سپورٹس فیڈریشنز اور صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان اختلافات کو قوانین کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا۔

مزیدخبریں