قومی فٹ بال چیلنج کپ میں کوارٹرفائنل لائن اپ مکمل

اسلام آباد( نوائے وقت نیوز) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام جاری قومی فٹ بال چیلنج کپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان ائیرفورس، پاکستان پولیس، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان نیوی، پاکستان آرمی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، خان ریسرچ لیبارٹری اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں نے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی ہے، تفصیلات کے مطابق گروپ اے سے دفاعی چیمپئن پاکستان ائیرفورس نے نو پوائنٹس اور پاکستان پولیس نے چار پوائنٹس، گروپ بی سے سوئی سدرن گیس کمپنی نے چار پوائنٹس اور پاکستان نیوی نے تین پوائنٹس، گروپ سی سے پاکستان آرمی نے سات پوائنٹس اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پانچ پوائنٹس جبکہ خان ریسرچ لیبارٹری اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں نے سات سات پوائنٹس کے ساتھ کوارٹرفائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کے پرنسپل سٹاف آفیسر سید شرافت حسین بخاری نے بتایاکہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے،گروپ اے میں دفاعی چمپئن پاکستان ایئر فورس، نیشنل بینک آف پاکستان، پاکستان پولیس، ایشیا گھی ملز، گروپ بی میں سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان نیوی، پاکستان ٹیلی وڑن، گروپ سی میں پاکستان آرمی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ریلویز، پی ایف ایف ٹائیگرز جبکہ گروپ ڈی میں خان ریسرچ لیبارٹری (کے آرایل)، پاکستان واپڈا، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اورکراچی یونائیٹڈ شامل ہیں۔ کوارٹرفائنل مقابلے کل بدھ سے شروع ہوں گے، سیمی فائنل یکم اور دو اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ 3 اگست اور فائنل میں 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔ فائنل کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیںگے۔

ای پیپر دی نیشن