صادق سنجرانی کی فتح پر حکومتی ارکان کی مبارکبادیں

Aug 01, 2019 | 20:25

ویب ڈیسک

اپوزیشن اتحاد کو شکست کے بعد چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کو حکومتی ارکان کی جانب سے مبارکبادیں ملنا کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین خان کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صادق سنجرانی اور پاکستان کو مبارک ہو۔وزیراعظم کے مشیر عثمان ڈار کا سینیٹ الیکشن کے نتائج کے بعد ٹویٹر پر کہنا تھا کہ ابو بچائو تحریک ایک بار پھر ناکام! بہتر ہوگا کہ مریم صفدر اور بلاول زرداری اب ایک دوسرے پر عدم اعتماد کی تحریک شروع کر دیں۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل وواڈا کا کہنا تھا کہ لکھ کر دے دیا تھا کہ اپوزیشن بری طرح ناکام ہو گی، تحریک عدم اعتماد این آر او لینے کے لئے ایک سازش تھی، اپوزیشن کے پاس اب کسی قسم کا مینڈیٹ نہیں رہا۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک کی ناکامی سے اپوزیشن کا مکار اور مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا، اپوزیشن میں غیرت ہو تو عوام کو اپنی شکل نہ دکھائیں، باریاں لینے والا بے ایمان ٹولہ ہر محاذ پر شکست کھا چکا ہے۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کو مبارکباد یہ فتح پاکستان کی جیت ہے۔

مزیدخبریں