وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کی اہم ملاقات 

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات  کی ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی نمائندہ خصوصی کے درمیان ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو دوحہ میں ہونے والے امریکہ، طالبان امن مذاکرات کے ساتویں دور میں ہونے والی پیشرفت اور  اپنے حالیہ دورہ کابل کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوحہ میں انٹرا افغان امن مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت اور دوحہ مذاکرات کے بعد جاری ہونے والا مشترکہ اعلامیہ خوش آئند ہے۔ دوحہ مذاکرات میں افغان امن عمل کے حوالے سے بنیادی روڈ میپ سے تمام فریقین کا متفق ہونا بہت مثبت پیشرفت ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام  اور دیرپا تعمیر و ترقی کیلئے انٹرا افغان مذاکرات سنگ میل ثابت ہوں گے۔ پاکستان افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن