امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل کی وزیراعظم سے ملاقات، افغان امن عمل پر گفتگو

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال بالخصوص افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم ہائو س کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل میں معاونت کیلئے امریکا اور دوسرے اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ امریکا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ افغانستان میں دیر پا امن و استحکام کے حصول کیلیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کیلئے عالمی برادری کی دلچسپی اور ہم آہنگی میں اضافہ ہورہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے مستقبل کی راہ مرتب کرنے کیلئے انٹرا افغان (افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان)مذاکرات نہایت ضروری ہیں۔اپنے حالیہ دورہ امریکا کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پڑوسی ملک ہونے کے ناطے پاکستان افغانستان کے ساتھ طویل المدتی اور پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے، باہمی معاشی تعلقات میں وسعت سے پیدا ہونے والے مواقعوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن