مادرملت قائداعظم کی صفات کا عکس، فکروعمل قوم کیلئے مشعل راہ ہے: نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی آن لائن تقریب

Aug 01, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) مادر ملتؒ کی ذات میں بانی پاکستان قائداعظمؒ کی عظیم صفات کا عکس ملتا تھا۔ تحریکِ پاکستان کے دوران برصغیرکی مسلم خواتین کو متحرک کرنے کیلئے مادرِملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا فکر و عمل پاکستانی قوم بالخصوص خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔ مادرملتؒ نے ملک میں جمہوری اقدار کی سربلندی کیلئے بہت کام کیا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے تحریک پاکستان کی رہنما اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ہمشیرہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے 128 ویں یوم ولادت پر منعقدہ خصوصی آن لائن تقریب میں کیا جس کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ نظامت کے فرائض نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے انجام دیئے۔ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒخواتین کی ایک ہمہ جہت شخصیت تھیں۔وہ ایک ایسے مثالی کردار کی مالک تھیں جسے ہماری خواتین کو اپنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ چال ڈھال، کردار وگفتار میں قائداعظمؒ کا عکس تھیں۔ وہ ایک بااصول خاتون اور ایثار وقربانی کا مجسمہ تھیں۔ جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کا ہماری تاریخ میں بہت اہم مقام ہے۔ مادر ملتؒ نے اپنے بھائی کی صحت کا پورا خیال رکھا۔ چودھری نعیم حسین چٹھہ نے کہا کہ عظیم قائد کی عظیم بہن محترمہ فاطمہ جناحؒ کی زندگی قابل رشک تھی۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اپنی بھائی کی رفاقت میں گزارااور ان کی دیکھ بھال کرتی رہیں۔ بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی یاد منانے کا مقصد ان کی حیات وخدمات کے تذکرہ کے ساتھ ساتھ ان کے فرمودات پر عمل کرنے کا عزم کرنا ہے۔ محمد اکرم چودھری نے کہا کہ ماہ جولائی اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ اسی ماہ میں مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی پیدا ئش اور وفات ہوئی۔ ہمیں اس ماہ کو بنیادی طور پر فاطمہ جناح کے نام کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں نے کہا کہ برصغیر کی مسلم خواتین کیلئے مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی زندگی مشعل راہ ہے۔ وہ ہمہ جہت شخصیت تھیں۔ شاہد رشید نے کہا کہ مادرِ ملتؒ کی یاد منانے کا مقصد ان کے فکر و عمل کو اجاگر کرنا ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے پلیٹ فارم سے عوام الناس بالخصوص نئی نسل کو افکار مادر ملتؒ سے روشناس کرانے کیلئے مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں