لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان نے کورونا وائرس اور اس سے اموات پر موثر کنٹرول کے لئے بین الاقوامی معیار کے ذاتی تحفظ کے سامان و آلات (پی پی ای) کی عالمی مارکیٹ میں طلب ، خاص طور پر برطانیہ میں اس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے غیر ملکی منڈیوں میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ جمعہ کو پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمن افتخار علی ملک کو لندن سے موصولہ ایک پیغام کے مطابق یہ بات پاکستان ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے ہائی کمیشن میں مڈلینڈز پارٹنرشپ این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو نیل کار کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان کا ترقی یافتہ ٹیکسٹائل سیکٹر بہت کارآمد رہا ہے۔ ملک میں اب برآمدکیلئے بین الاقوامی معیار کے این 95 سمیت بہتر کوالٹی کے ماسک ، دستانے ، چشمے، اسپیل فیس شیلڈ ، گاون ، جوتوں کے کور ، ہینڈ سینیٹائزر، کانٹیکٹ لیس تھرمامیٹر اور ہاسپٹل بیڈ شیٹس تیار کی جا رہی ہیں۔ ایکسپورٹ کوالٹی کے وینٹیلیٹر اور یورپی یونین کی سی ای سرٹیفائیڈ اسپیل فیس شیلڈز سمیت پاکستانی مصنوعات برطانیہ میں ممکنہ خریداروں کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔نیل کار نے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں پر ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور ٹرسٹ اور پاکستان کے شعبہ صحت کے مابین بہتر و نتیجہ خیز ورکنگ ریلیشن شپ کی یقین دہانی کرائی۔
پاکستان نے کرونا سے متعلق بہترین آلات غیرملکی منڈیوں کو بھجوائے:نفیس ذکریا
Aug 01, 2020