اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ نیٹ نیوز) پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوی متسودا نے اپنے ایک پیغام میں حکومت جاپان کی جانب سے پاکستانیوں اور حج زائرین کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جاپان اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار اور دوستانہ رہے ہیں۔ سچے دوست کی حیثیت سے پاکستانی عوام کے لئے امن‘ ترقی اور خوشحالی کے خواہشمند ہیں۔ جاپان پاکستان کے ساتھ مستقبل میں بھی باہمی تعاون جاری رکھے گا۔ پاکستان کی ہر خوشی اور غم میں جاپان ہمیشہ ساتھ دے گا۔ کرونا وبا ہو‘ ٹڈی دل کا حملہ یا سیلاب‘ جاپان حکومت پاکستان کے ساتھ ہے۔ دریں اثناء پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ ہمیں قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ ہماری قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان میں کرونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو پیغام میں انہوں نے تمام مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور کہا ہے کہ ہم سب نے کرونا کے دوران بہت کچھ قربان کیا ہے۔ پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز بہت اہم ہے‘ ہم چھکا لگا کر بیماری کو ہرا دیں گے۔ ہم نے اپنوں سے دوری کی بھی قربانی دی ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ کرونا کی وجہ سے پورا پاکستان نہیں گھوما۔ بڑی عید پر بڑی حفاظت ضروری ہے۔ خوشی سے بتانا چاہتا ہوں برٹش ائیرویز پاکستان کے لئے دوبارہ سے اپنی پروازیں شروع کر رہی ہے۔ یہ پاک برطانیہ دوستی کا اظہار ہے‘ دوست ہی مشکل وقت میں ساتھ دیتے ہیں۔