اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے پوری دنیا کے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس سال عید انتہائی مشکل اور چیلنجنگ حالات میں آئی ہے۔ یہ اس لحاظ سے بھی زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ ہمیں مستحق افراد کی ہر ممکن مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جب حضرت ابراہیم ؑ کے صاحبزادے حضرت اسماعیل ؑ نے اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے پیش کیا۔ یہ دن ہمیں یہ سبق سکھاتا ہے کہ ہم اپنی خواہشات کے غلام نہ بن جائیں بلکہ اپنی خواہشات کو اپنے رب العزت کے حکم پر قربان کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر سمیت ان تمام مسلمانوں کو یاد رکھنا چاہیے جو جبر اور مقبوضہ علاقوں میں عید گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کو شام اور دوسرے بھوک و افلاس کا شکار علاقوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کا انتظام کرنا چاہئے۔ انہوں نے اللہ تعالی سے کرونا وائرس کی وبا سے نجات دلانے اور مسلمانوں اور اسلام کی سربلندی کے لئے دعا کی۔
عالم اسلام کو عید مبارک‘ آج کشمیر‘ فلسطین کے بھائیوں کو یاد رکھنا ہے: شہباز شریف
Aug 01, 2020