ملک بھر میں آج عیدالاضحی، سعودی عرب، خلیجی ریاستوں، یورپ، امریکہ میں جمعہ کو منائی گئی

لاہور+ اسلام آباد + مکہ مکرمہ (خصوصی نامہ نگار + وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) ملک بھرمیں آج ہفتہ کو عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی جائے گی۔ مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے بڑی تعداد میں جانوروں کی قربانی دیں گے۔ حکومت نے عوام سے بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کردی۔ اس سال حکومتی مہم کے بعد اجتماعی قربانیوں میں اضافہ ہوا۔ لوگوں نے بڑی تعداد میں جانور خرید لئے۔ اکثریت نے قربانی کے جانور خرید لئے۔ قصائیوں نے بھی ایڈوانس بکنگ مکمل کرلی۔ جبکہ پردیسی بڑی تعداد میں اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عیدالاضحیٰ کے کرونا کے باعث محدود اجتماعات ہوئے جس میں ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھا گیا۔ مسجدالحرام میں نماز عیدکی امامت اور خطبہ شیخ عبداللہ الجہنی نے دیا جس کے بعد انہوں نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ شیخ عبداللہ الجہنی نے کہا کہ حکومت نے حجاج کرام کی صحت کی حفاظت کے لئے محدود حج کا فیصلہ کیا جو اسلامی قانون کے عین مطابق ہے۔ مسلمان آپس میں اتحاد کو مستحکم کریں اور کسی بھی قسم کے انتشار سے دور رہیں۔ مسجد نبویؐ میں نماز عید کی امامت اور خطبہ شیخ احمد بن طالب نے دیا۔ متحدہ عرب امارات، مصر، کویت، اردن، بحرین اور قطر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ انڈونیشیا، ایران، مصر اور ملائیشیا میں بھی عید سادگی سے منائی گئی۔ مسجد آیا صوفیا ترکی میں بھی عید کی نماز کا اجتماع ہوا۔

ای پیپر دی نیشن