پٹرول 3.86،ڈیزل 5، مٹی کا تیل 5.97 روپے لٹر مہنگا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)حکومت نے عید الاضحی سے ایک روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر، مٹی کے تیل میں 5 روپے 97پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6روپے 62پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق رات 12 بجے سے ہوجائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہو گیا اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 103 روپے 97 پیسے، لائٹ ڈیزل 62 روپے 28 پیسے، ڈیزل 106 روپے 46 پیسے اور مٹی کا تیل 65 روپے 29 پیسے فی لٹر ہو گیا۔ دریں اثنا اوگرا کی جانب سے ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم اگست سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 18 روپے 48 پیسے مہنگا کر دیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1363 روپے 55 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ ایل پی جی کے نرخوں میں فی کلو 1.56 روپے اضافہ کیا گیا۔پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی 30 سے کم کر کے 26 روپے 70 پیسے کر دی گئی۔ ڈیزل پر عائد پٹرولیم لیوی 30 روپے سے کم کر کے 25 روپے 73 پیسے کر دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن