عید قرباں ایثار وقربانی، اطاعت خداوندی کا درس دیتی ہے: وسیم اختر

کراچی(نیوز رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے شہریوں کو عید الاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید قرباں ہمیں ایثار و قربانی، تسلیم و رضا اور اطاعت خداوندی کا درس دیتی ہے۔ اس موقع پر ہمیں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کرتے ہوئے معاشی طور پر کمزور افراد کا خاص خیال رکھنا چاہیے تاکہ وہ کسی قسم کی احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔میئر کراچی نے کہا کہ موجودہ حالات میں جبکہ کورونا وائرس سے ہزاروں پاکستانی اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ہمیں اس عید کے موقع پر سادگی کا مظاہرہ اور تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہوں گی تاکہ اس وباء سے محفوظ رہا جاسکے۔ میئر کراچی نے اپنے پیغام میں کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے دوران صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں اور حکومت کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ میں جو مقامات قربانی کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں وہاں قربانی کریں تاکہ شہر کو گندگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ افسران اور تمام ضلعی چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ وہ عید قربان کے موقع پر عملے سمیت فیلڈ میں موجود رہیں اور شہر کی صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں، قربانی کے مقامات سے آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگا نے کے بعد ان مقامات پر جراثیم کش اسپرے کیا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔میئر کراچی وسیم اختر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی عبادات اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور قربانی کے اس جذبے کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں ملک و قوم کی بہتری اور فلاح کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...