تاجروں نے ہتھیار ڈال دیے ، چکوال کے تمام بازاروں میں لاک ڈائون

Aug 01, 2020

چکوال(نامہ نگار) بدھ کے روز تاجروں نے ہتھیار ڈال دیے اور ایک بھرپور لاک ڈائون ضلع چکوال کے تمام بازاروں میں دیکھنے کو ملا، پنجاب حکومت نے جن مخصوص دکانوں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا وہ کھلیں تھیں بہرحال باقی تمام شاپنگ پلازہ، مارکیٹیں بازار مکمل بند رہے ہیں۔ بہرحال اندرون شہر گلیوں میں کچھ دکانیں کھلی رہیں جہاں پر بغیر رش کے اِکا دُکا خریداری کا عمل بھی جاری رہا۔ بینک بھی سارا دن کھلے رہے مگر خلاف توقع بینکوں کے باہر بھی عوام کا کوئی زیادہ رش نہیں تھا۔ سبزی اور فروٹ منڈی میں عموماً رش ہوتا ہے مگر موجودہ لاک ڈائون کی وجہ سے وہاں پر بھی اطلاعات کے مطابق خرید و فروخت معمول سے بہت کم رہی، چک نورنگ منڈی مویشیاں میں کافی تعداد میں جانور لائے گئے مگر جانوروں کے نرخ اتنے زیادہ ہیں جس کی وجہ سے خریداری انتہائی محدود رہی ،بہرحال مجموعی طور پر ضلع چکوال کے عوام اور تاجروں نے کورونا وائرس سے آخری جنگ کرنے کیلئے بھرپور ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے اور پورے ضلع چکوال میں امن و امان کے حوالے سے صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش رہی اور کسی بھی جگہ پر تاجروں اور پولیس کے درمیان کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

مزیدخبریں