کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں سندھ کے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال عیدالاضحیٰ بھی کورونا وائرس کے باعث ایس او پیز کے ساتھ منائی جارہی ہے اور ہمیں ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کرنا ہے تاکہ ہم اس موذی وبا سے محفوظ رہ سکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دن تمام مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں قربانی کرکے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہمیں اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ ساتھ غریبوں، مسکینوں اور ضرورتمندوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور قربانی کے فلسفے کو سمجھتے ہوئے اس پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام متعلقہ اداروں کو بھی سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ شہر میں صفائی ستھرائی کا بطور خاص خیال رکھیں۔علاوہ ازیںگو رنرسندھ عمران اسماعیل نے صوبہ کے عوام کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنت ابراہیمی کی پیروی میں ہم ہر برس جانور اللہ تعالی کی راہ میں قربان اور اس کے گوشت کو عزیز و اقارب ، رشتہ داروں ، پڑوسیوں اور غربامیں تقسیم کرتے ہیں جبکہ گھروں پر مختلف لذیز کھانوں کا اہتمام بھی کیا جاتاہے ، عید کے ایام میںعزیز و اقارب ایک جگہ جمع ہو کرخوشیاں مناتے ہیں۔ گورنرسند ھ نے کہا کہ امسال کورونا وائرس کی وجہ سے حالات مختلف ہیں ہمیں عید الاضحی کے ایام میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے ہمیں عید الاضحی کے موقع پر کورونا وائرس سے بچا کے لئے سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اب بھی پوری دنیا میں کورونا وائرس بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کی دور اندیشی کے باعث ہمارے پڑوسی ممالک کی نسبت پاکستان کی صورتحال بہت بہتر ہے یہی وجہ ہے کہ آج دنیا وزیراعظم کے اقدامات کا اعتراف کررہی ہے۔
ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کرنا ہے: وزیراعلیٰ سندھ کا عید پرپیغام
Aug 01, 2020