گجرات( نامہ نگار)ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں عمر قید کی سزا میں بند 101سالہ قیدی انتقال کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق بزرگ قیدی مہدی خان گورنمنٹ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں تیسری مرتبہ زیر علاج تھا جہاں وہ گزشتہ روز دم توڑ گیا مہدی خان کی بینائی، چلنے پھر نے کی سکت بھی ختم ہو چکی تھی موت سے چند ہفتے قبل اُس نے صدر پاکستان اور پنجاب حکومت کو درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیارکیا تھا کہ اس کی بینائی ختم ہو چکی ہے اور چلنے کی سکت بھی نہیں رکھتا اس کے علاوہ اسے متعدد بیماریاں بھی لاحق ہیں اب خرابی صحت کے باعث وہ مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہے، لہذا اس کی رہائی کی اپیل منظور کی جائے تاہم لاہور ہائیکورٹ نے اسے طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نبٹا کر محکمہ جیل خانہ جات کو سہولیات یقینی بنانے کا حکم دیا تھا، ذرائع کے مطابق مہدی خان کو 2006 میں7افراد کے اجتماعی قتل کے مقدمہ میں سزا سنائی گئی تھی جبکہ 2009 میں ٹرائل کورٹ نے انہیں بری کیا تھا مگر مخالفین نے فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا اور 2019 میں لاہور ہائی کورٹ نے انہیں اس وقت عمر قید کی سز اسنائی گئی۔