اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے پیر سید شاہ عبدالحق گیلانی سجادہ نشین درگاہ عالیہ گولڑہ شریف کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ ایک بڑے روحانی، علمی شخصیت کے مالک تھے اور بڑے باوقار انسان تھے. اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے آمین قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر و سابق وفاقی وزیر حاجی نواز کھو کھر نے پیر سید شاہ عبد الحق گیلانی سجادہ نشین درگاہ گولڑہ شریف کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید شاہ عبد الحق گیلانی مرحوم بلند پایہ روحانی پیشوا تھے پاکستان کے کونے کونے سے لوگ ان سے فیض حاصل کرنے آتے تھے پاکستان کے عوام ان کی خدمات کے معترف ہیں با الخصوص ان کے ہمارے خاندان پر بڑے احسانات ہیں انہوں نے کھوکھر خاندان کی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا سابق صوبائی وزیر و ممتاز مسلم لیگی رہنما چوہدری محمد ریاض نے سید شاہ عبد الحق گیلانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہا کہ دربار گولڑہ شریف سے لاکھوں مسلمان رشد و ہدایات حاصل کرتے ہیں سید شاہ عبدالحق کی وفات سے ملک جید مشائخ سے محروم ہو گیا ہے .