کرونا روکنے کیلئے عوام ذمہ داری کا احساس کریں عید سادگی سے منائیں: گورنر

Aug 01, 2020

لاہور (این این آئی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے بلاتفریق اور شفاف احتساب سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ملکی مفاد میں ہونیوالی قانون سازی میں اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے‘ عوام سے اپیل کرتے ہیں وہ کرونا سے بچائو کیلئے عید پر ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔ وہ گورنر ہائوس میں چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ایف اے ٹی ایف کے متعلق 2بلوں کی پارلیمنٹ سے منظوری تاریخی اقدام ہے۔ دہشت گردی کے خلاف 22کروڑ پاکستانی اپنی افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کیساتھ ہیں۔ ملک کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ پاکستان معاشی سمیت ہر محاذ پر کامیابی کیساتھ آگے بڑھے گا۔ اپنے عید کے پیغام میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کی وجہ سے آج ہم عید مشکل حالات میں منا رہے ہیں سمارٹ لاک ڈائون سمیت دیگر حکومتی اقدامات موثر ثابت ہوئے ہیں۔ وائرس کے پھیلا کو روکنے کیلئے عوام الناس کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔ عوام عید سادگی سے منائیں اور ایس اوپیز پر عمل کر یں۔ چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق نے گورنر کو کرونا کے خلاف اقدامات اور کرونا بحران سے بے روزگار ہونیوالے غر یب خاندانوں کی امداد کے حوالے سے بر یفنگ دی۔

مزیدخبریں