لاہور‘ کاہنہ (وقائع نگار+ نامہ نگار) زیرحراست بدنام زمانہ بھتہ خور اور اجرتی قاتل ندیم عرف میٹھا گاڈی کاہنہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے لاش پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل دہشت کی علامت سمجھے جانے والے ندیم عرف میٹھا گاڈی کو سی ائی اے پولیس نے گرفتار کر کے جیل بجھوایا تھا جہاں شناخت پریڈ ہونے پر دوبارہ سی آئی اے پولیس نے جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا تھا۔ گزشتہ روز سی آئی اے پولیس کے ڈی ایس پی قیصر مشتاق‘ انسپکٹر فا روق اصغر اعو ان اور سب انسپکٹر عمران یوسف سمیت دیگر اہلکار برآمدگی کے لیے ملزم کو کتی پیر دربار کاہنہ کے علاقے میں لے جا رہی تھی کہ ملزم کے 4 نامعلوم ساتھیوں نے اسے چھڑانے کے لیے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے چند روز قبل شہری سے گجر پورہ میں بھتہ مانگا تھا۔ وہ پولیس کو اقدام قتل، قتل، اغواء برائے تاون اور بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔