کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات ، تحریک انصاف نے ٹکٹوں کی تقسیم کا طریقہ کار وضع کردیا 

Aug 01, 2021

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر سطح پر ٹکٹوں کی تقسیم کا طریقہ کار وضع کردیا چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے ریجنل صدور کو ٹکٹوں پر دستخط کے اختیارات سونپ دیے اور ریجنل صدور کو جماعتی ٹکٹ پر دستخط کے  اختیارات کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا شمالی پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات کیلئے صدر صداقت علی عباسی ٹکٹوں کے اجرا کے مجاز ہوں گے مرکزی پنجاب کے ٹکٹوں کے اجرا کا اختیار صدر سینیٹر اعجاز چودھری کو سونپ دیا گیا۔ مغربی اور جنوبی پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے اختیارات بالترتیب فیض اللہ کموکا اور نور محمد خان بھابھہ کے پاس ہوں گے ۔ ہزارہ، پشاور اور جنوبی خیبرپختونخوا ریجنز کیلئے بالترتیب علی اصغر خان، فضل محمد خان اور شہباز گل شنواری ٹکٹوں کی تقسیم کے ذمہ دار ہوں گے مرکزی سندھ میں ٹکٹوں کی تقسیم کا اختیار صداقت جتوئی کو حاصل رہے گا۔ شمالی سندھ ریجن میں طاہر شاہ کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کریں گے مغربی سندھ میں ٹکٹوں کے اجرا کا اختیار خرم شیر زمان کو حاصل رہے گا شمال مشرقی اور شمال مغربی بلوچستان میں ٹکٹوں کے اجرا کیلئے بالترتیب نواب خان اور منیر احمد بلوچ کو نامزد کردیا گیا تحریک انصاف کے متعلقہ سطح کے پارلیمانی بورڈز امیدواروں کا تعین کریں گے۔ پارلیمانی بورڈز کی جانب سے نامزدگی حاصل کرنے والے امیدواروں کو کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کیلئے ٹکٹ جاری کئے جائیں گے تحریک انصاف پارلیمانی بورڈز کے اندازِ کار اور امیدواروں کے تعین کا طریقہ کار پہلے ہی وضع کر چکی ہے۔

مزیدخبریں