واشنگٹن(این این آئی)لیبیا کے سابق مرد آہن مقتول کرنل معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی نے کہاہے کہ وہ نقل وحرکت کے لیے آزاد ہیں اور اپنے ملک میں سیاسی میدان میں واپسی کا انتظام کر رہے ہیں،امریکی اخبار نے ’’قذافی کا بیٹا ابھی زندہ ہے اور لیبیا کو واپس لینا چاہتا ہے‘‘کے عنوان سے 10سال کی گمشدگی کے بعد لیبیا کے سابق مرد آہن مقتول کرنل معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کے ساتھ پہلا طویل انٹرویو شائع کیا ، اس میں سیف الاسلام قذافی نے قید میں گذرے اپنے المناک برسوں کا تذکرہ کیا اور لیبیا کے اگلے صدر بننے کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کے امکان کا بھی عندیہ دیا ۔ گفتگو میں سیف الاسلام نے کہا ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، سکیورٹی نہیں ہے، زندگی نہیں ہے۔ اگر آپ گیس سٹیشن پر جائیں گے تو آپ کو ایندھن نہیں ملے گا۔ ہم اٹلی کو تیل اور گیس برآمد کرتے ہیں۔ اٹلی کا آدھا حصہ ہماری وجہ سے روشن ہوتا تھا۔ آج ہمارے پاس اپنے لیے بجلی نہیں۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناکامی کے سوا کچھ نہیں۔