ملتان (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں جبری قبضے کے حامی نہیں۔ مسئلے کے سیاسی حل کے حامی ہیں۔ ن لیگ میں دو بیانیے چل رہے ہیں۔ شہباز شریف‘ کشمیر اور سیالکوٹ الیکشن سے لاتعلق رہے۔ مریم نواز لیڈ کر رہی ہیں۔ کشمیر کے بعد پی ٹی آئی کا اگلا ٹارگٹ سندھ ہے۔ آج مسئلہ کشمیر دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے۔ عالمی برادری اس پر بات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رضا ہال ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کا 5 اگست کو آزاد کشمیر جانے کا ارادہ ہے۔ پاکستان سمیت عالمی برادری کوکشمیر میںانسانی حقوق کی خلاف ورزی پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ یورپی یونین کے اراکین پارلیمنٹ نے کمیشن کو جو خط لکھا ہے اس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آج مسئلہ کشمیر پر صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی برادری بھی بات کر رہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے سندھ کی حکومت زمینی حقائق سے پوری طرح آگاہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ سندھ حکومت ایسی حکمت عملی اپنائے گی جو عوام کے مفاد میں ہو۔ مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مہنگائی ایک حقیقت ہے اور مہنگائی کے اوپر ہم میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اگست 2023 میں مکمل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا آج ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے اپنے اجلاس میں118منصوبوں کی منظوری کے بعد ٹینڈرنگ کی تاریخ بھی دے دی ہے۔ قبل ازیںجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی فعالیت اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ملتان ڈویژن کی سیاسی قیادت اور سیکرٹریٹ انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چیف وہپ عامر ڈوگر، سینیٹر عون عباس بپی، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، احمد حسین ڈیہڑ، پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی، معاون خصوصی جاوید اختر انصاری سمیت ملتان ڈویژن کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت اس خطے کے عوام کو علیحدہ سیکرٹریٹ کا تحفہ ملا ہے۔ اب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو کسی صورت رول بیک نہیں کیا جا سکتا۔ بعدازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے اپنے محکموں کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے تعمیراتی کام کا 2 اگست سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں بجٹ میں جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کیلئے 189 بلین رکھے گئے ہیں۔ کسی منصوبے کا بجٹ واپس لاہور ٹرانسفر نہیں ہوسکے گا۔ جنوبی پنجاب کی آبادی کے لحاظ سے نوکریوں کا الگ کوٹہ بھی مختص کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پبلک سروس کمیشن کا الگ زون بھی جنوبی پنجاب کیلئے قائم کیا جائے گا۔