راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت چین سے تعلقات خراب نہیں کر سکتی۔نجی ٹی وی کے مطابق شیخ شرید احمد نے کہا میرا بس چلے تو نور مقدم قتل کے ملزم کو گولی مار دوں۔ سندھ میں آئندہ حکومت پی ٹی آئی بنائے گی۔ پی ٹی آئی روز بروز مضبوط ہو رہی ہے۔ لاک ڈاؤن لگا کر سندھ حکومت اپنا نقصان کرے گی۔ الیکشن وقت پر ہونگے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ’’ن‘‘ سے ’’ش‘‘ نکلے گی۔ نور مقدم قتل کیس کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے گا۔ مسیحی سینیٹری ورکرز نے کووڈ۔19 کی وباکے دوران قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ لئی ایکسپریس وے کی تکمیل سے ارد گرد بسنے والے لوگوں کی زندگیاں بدل جائیں گی۔ مسیحی میرے دل کے بہت قریب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی لیبر یونین کی تقریب حلف برداری سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع میونسپل لیبر یونین کے نومنتخب قائدین سے حلف لے لیا اور انہیں مبارکباد دی اور کہاکہ امید ہے نومنتخب عہدیداران شہر کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن میں ڈیلی ویجز پر موجود تمام 1140 ملازمین اسی سال مستقل ہوں گے۔ ڈیلی ویجز کو جھنگی سیداں میں وزیراعظم پیکج فلیٹ تعمیر کر کے دیں گے۔ سینٹری ورکرز کو اسلام آباد سی ڈی اے میں بھی بھرتی کریں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ نالہ لئی ایکسپریس وے میری اولین ترجیح ہے۔ یہ مکمل کر کے مجھے سکون ملے گا۔ کرسچن کیمونٹی کے لوگ مجھے بہت اچھے لگتے ہیں۔ میری پیدائش ہولی فیملی اور تعلیم بھی کرسچن تعلیمی اداروں سے حاصل کی ہے۔ عنقریب آپ اچھی اچھی خبریں سنیں گے۔ وقار النسا گرلز کالج جلد یونیورسٹی بن رہی ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پی پی دوسرے (ن) تیسرے نمبر پر ہوگی۔ ویسا ہی ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ لال حویلی فائرنگ کے باوجود ہم گھبرانے والے نہیں۔ وزیر داخلہ کو تھریٹس ہیں مگر ڈرنے والا نہیں۔ راولپنڈی اسلام آباد حساس شہر ہیں۔ افغان سفیر کی بیٹی کے کیس میں پکڑے چاروں ڈرائیور رہا کر دئیے ہیں۔ یہ سب بے گناہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے سمارٹ لال ڈان کی کاپی کی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ راولپنڈی اسلام آباد میں 190 کیمرے مزید لگائیں گے۔ لئی ایکسپریس بن گئی تو سیاست سے ریٹائر ہو جاؤں گا، انتخابات اپنے وقت پر 2023 ء میں ہوں گے۔ پاک چین تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت پاک چین تعلقات خراب نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں فائر فائٹرز کو قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے تاھم یہاں پر ایسا نہیں ہے۔
بس چلے تو نور مقدم کے قاتل کو گولی ماردوں: شیخ رشید
Aug 01, 2021