سیلاب متاثرین کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے : وزیراعظم 

Aug 01, 2022

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘  نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہمی کیلئے صوبوں سے مل کر کام کر رہی ہے، متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، امدادی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے گی، سیلاب زدگان کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ میں نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، امدادی کاموں کی نگرانی اور متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے دورہ کیا، وفاقی حکومت عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف نے مزید لکھا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں مزید تیزی لائی جائے گی، یقیناً یہ مشکل وقت ہے، سیلاب اور شدید بارشوں کی وجہ سے لوگوں کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، متاثرین کو یقین دلایا کہ ریلیف کی فراہمی اور ان کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کا آغاز ہوگیا۔ ضلع جھل مگسی کے گاؤں شمبانی میں دوسرا میڈیکل کیمپ بھی قائم کرکے ادویات بھی فراہم کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے امدادی کارروائیوں کیلئے مزید کشتیاں فراہم کردی گئی ہیں۔ شہبازشریف نے  جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے دس، دس لاکھ اور گھروں کی تعمیرات کیلئے پانچ، پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات میں سیلاب کی وجہ سے پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پوسٹ کیا کہ میری مخلصانہ ہمدردیاں اور دلی تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کو متاثرہ خاندانوں کی مکمل مدد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کرنا تھا جسے ملتوی کر دیا گیا۔ وفاقی وزرائ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جانا تھا تاہم موسم کی خرابی کے سبب دورہ ملتوی کر دیا گیا۔ 

مزیدخبریں