اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور میں پولیس کی جانب سے شہریوں پر فائرنگ اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلابی پانی کو راستہ دینے کے لئے تین گائوں کے افراد کے اجتماع پر پولیس کی کارروائی کھلی غنڈہ گردی ہے۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے منتخب نمائندوں ایم پی اے احمد کریم کنڈی اور میئر الطاف شاہ کی موجودگی میں پولیس کی کارروائی بظاہر سیاسی انتقام ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس نے فائرنگ اور شیلنگ سے تین شہریوں کو زخمی کر کے خود قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بننے کے بجائے اپنا آئینی کردار ادا کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان واقعہ میں ملوث پولیس اہل کاروں کے غیرقانونی اقدام کے خلاف کارروائی کی جائے۔