لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کے لئے مالی امداد کا اعلان کردیا۔ پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8لا کھ روپے مالی امداد دے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس ایوان وزیراعلی میں ہوا۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر و مرمت کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی۔ سانپ کاٹنے اور ہیضہ سے بچائو کی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے۔ ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، آر پی او اور ڈی پی اوز منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر متاثرین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ، ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے وزیراعلی آفس میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور، پنجاب کے انتظامی معاملات‘ کابینہ کی تشکیل اور امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا، ملاقات میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے پنجاب سے غیر آئینی و غیر قانونی حکومت کے مکمل خاتمے پر چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کو مبارکباد دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کے خلاف بھرپور موقف پر کھڑا رہنے پر عمران خان کی سیاسی بصیرت کو سراہا۔ وزیراعلی پرویزالٰہی نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں قیام امن کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور انشاء اللہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے گی۔ وزیراعلی چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کئے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے۔