ویمنز ٹی ٹونٹی ، بیٹنگ ، باؤلنگ نا کام ، پاکستان ٹیم بھارت سے ہار گئی 

Aug 01, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ویمنز ٹی ٹونٹی ایونٹ میں بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دیدی ۔ بارش کی وجہ سے میچ کا اٹھارہ اٹھارہ اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا ۔ پاکستان ویمنز ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 18اوورز میں99رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ منیبہ علی 32‘ارم جاوید صفر ‘کپتان بسمہ معروف سترہ ‘عمائمہ سہیل دس ‘عائشہ نسیم دس ‘عالیہ ریاض اٹھارہ ‘فاطمہ ثناء آٹھ ‘کائنات امتیاز دو ‘ڈیانا بیگ صفر ‘طوبیٰ حسن ایک رن بناکر آئوٹ ہوئیں ۔ تین کھلاڑی رن آئوٹ ہوئیں ۔ سنیہ رانا ‘رادھا یادیونے دو دو ‘رنیوکا سنگھ‘شفالی ورما اور میگھنا سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب نے بھارتی ویمنز ٹیم نے ہدف 11.4اوورز میں دو وکٹوں پر 102رنز بناکر پورا کرلیا ۔ شفالی ورماسولہ اور سبھی نینی میگھنا چودہ رنز بناکر آئوٹ ہوئیں ۔ سمریتی مندھانا63اور جمیمہ روڈریگوئز دو رنز پر ناقابل شکست رہیں ۔ طوبیٰ حسن اور عمائمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ مسلسل دوسری شکست کے بعد پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی مشکل ہوگئی ہے ۔بھارت کیخلاف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بارہ رکنی سکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ۔کن کشن کا شکار ہونے کے باعث آل رائونڈر ندا ڈار کی جگہ ایمن انور کو 12 رکنی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ندا ڈار بارباڈوس کیخلاف میچ میں سر پر گیند لگنے کے باعث کن کشن کا شکار ہوئی ہیں۔ پی سی بی کے مطابق ندا ڈار کی طببعت بہتر ہے تاہم مزید پانچ روز ان کی طبیعت کا جائزہ لیا جائیگا۔

مزیدخبریں