اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد سٹی کے جنرل سیکرٹری و سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کاروپریشن اسلام آباد ایم ساجد عباسی نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کیس سمیت عمران نیازی ٹولے کیخلاف قانونی کارروائی میں رکاوٹ ایک سوالیہ نشان ہے،وہ مقامی اور بین الاقوامی طورپر بھی کرپٹ ثابت ہوچکے ہیں، 8سال سے لاڈلے اور اْسے لاڈلہ تصور کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی،سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈیڑھ درجن سے زائد فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کی تصدیق کی ہے اور حال ہی میں فنانشنل ٹائمز برطانوی اخبار نے اسی کیس کے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کرکے پی ٹی آئی کی قیادت کو مکمل طورپر ایکسپوز کردیا ہے،اب پی ٹی آئی کی قیادت کا یہ بیانیہ کہ پی پی پی اور مسلم لیگ(ن) کے کیسز کے ساتھ ہمارا فیصلہ کیاجائے، انتہائی مضحکہ خیز ہے۔انہوں نے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس صادق و امین و ریاست مدینہ کے دعویداروں کے گلے کی ہڈی بن گیا ،نوازشریف بہت جلد پاکستان واپس آ کر پارٹی کی اہم ذمہ داری کے ساتھ عوامی عدالت میں جانے والے ہیں جس میں سب کچھ واضح کردیاجائے گا۔