لاہور(نامہ نگار) پنجاب بھر میں نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی پر کاروائیاں جاری ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے حکم دیا ہے کہ صوبہ بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تمام قوانین بالخصوص لاؤڈ سپیکر ایکٹ ، نفرت انگیز تقاریر اور قابل اشتعال مواد کی نشر و اشاعت کے مرتکب افراد کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جائے تاکہ نقص امن یا شرپسندانہ کاروائیوں سے معاشرے کا امن خراب نہ ہوسکے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ حساس اضلاع میں تمام علاقوں میں سرچ ، سویپ ، انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس صوبہ بھر میں کرایہ داری اندراج اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 8663 مقدمات اور 12628 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 4272 افراد کو گرفتار کیا جبکہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1416 مقدمات جبکہ 1416افراد کو گرفتار کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران بھی لاؤڈ سپیکر ایکٹ اور کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا ۔جبکہ آئی جی پنجاب پولیس نے محرم الحرام میں صوبہ بھر میں بغیر رجسٹریشن موٹر سا ئیکلوں اور گاڑیوں کو پکڑکر تھانوں میں بند کرنے اور کسی قسم کی ضمانت پر نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔افسران کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ پکڑی گئی موٹر سائیکل وگاڑی کی محکمہ ایکسائز سے رجسٹریشن کے بعد ہی چھوڑا جائے۔