لاہور (آئی این پی) آل پارٹیز ٹاسک فورس برائے کشمیر کے چیئرمین چوہدری محمد سرور نے کشمیری حر یت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ آل پارٹیز ٹاسک برائے کشمیر نے پاکستانی حکومت سے بھارتی جیل میں قید یاسین ملک کی جیل میں بھوک ہڑتال اور بھارتی مظالم کا معاملہ فوری اور بھر پور طریقے سے عالمی فورمز پر اٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔ آل پارٹیز ٹاسک فورس برائے کشمیر کے چیئرمین وسابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یاسین ملک کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جیل میں یاسین ملک کی جان کو نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار صرف اور صرف نریندر مودی ہوں گے۔ عالمی اداروں کو شرمناک خاموشی ختم کر کے مودی کے مظالم کا فوری اور سخت نوٹس لینا ہوگا۔ امت مسلمہ اس معاملے پر خاموش رہی تو تاریخ انسانیت ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ملاقات کے دوران چوہدری محمد سرور نے مشعال ملک کو بتایا کہ دورہ بر طانیہ کے دوران درجنوں اراکین پارلیمنٹ، انسانی حقوق کے نمائندوں سمیت سینکڑوں سیاسی اور سماجی رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں اور برطانوی پارلیمنٹ میں یاسین ملک کے معاملے کو اٹھانے کے لیے قرارداد پر بھی12ہزار سے زائد افراد نے دستخط کیے ہیں جس کے لیے بر طانوی اراکین پارلیمنٹ کے آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے کشمیر کی چیئر پرسن ڈیبی ابراہمز سمیت دیگر اراکین مسلسل متحرک ہیں۔
چوہدری سرور