لاہور(خصوصی نامہ نگار)جے یوآئی کے رہنماؤں مولانا محمد یوسف ،مولانافضل علی حقانی،مولانامحمد امجد خان ،محمد اسلم غوری ،مفتی ابرار احمد،مولانا صلاح الدین،انجینئرعبد الرزاق عابد لاکھو نے کہا کہ دن میں کئی دفعہ موقف تبدیل کرنیوالے عمران خان کی جماعت کے فیاض الحسن چوہان فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے آنے سے پہلے ہی برطانوی اخبار میں ان کے بیرونی فنڈنگ کے پول کھلتے ہوئے دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں اس لئے وہ مو لا نا فضل الرحمن کیخلاف بے ہودہ زبان استعمال کر رہے ہیں اور جید علماء پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ خود دھوکے سے فنڈ لانے اور کھانے والے آج الزام دوسروں پر لگا رہے ہیں ۔مولانا فضل الرحمن قافلہ علماء حق کے سرخیل ہیں ان کی کردار کشی ناقابل برداشت ہے ۔ پی ٹی آئی ملک میں انتشار اور فساد کی سیاست کررہی ہے اور ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے لیکن جے یوآئی ان کے اس ایجنڈے کی تکمیل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کی تکلیف پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمن نے ملک میں بیرونی ایجنڈے کی تکمیل نہیں ہونے دی جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کو تکلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے نعرے لگا کر قومی ہیرو بننے کی کوشش کر نیوالے عمران خان کے ماضی کو قوم خوب جانتی ہے ۔