لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپورٹس بورڈ پنجاب اور گرینا کے تعاون سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ای سپورٹس فری فائر صوبائی سیریز کے گرینڈ فائنل کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کیا۔ ای سپورٹس کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور گرینا سپورٹس کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور سربراہ پاکستان فری فائر ای سپورٹس حمزہ ہاشوانی نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ ای سپورٹس دنیا میں بہت مقبول ہے، پہلی بار نوجوانوں کیلئے متعارف کرارہے ہیں،صوبائی سیریز کے فائنل کے کھلاڑیوں کے 40لاکھ روپے کے انعامات رکھے ہیں، نوجوان ای سپورٹس میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ ای سپورٹس سے نوجوانوں میں آئی ٹی اورتعلیم سے آگاہی ہوتی ہے۔ای سپورٹس جدید ٹیکنالوجی ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ای سپورٹس کو 2024کے اولمپکس میں شامل کرلیا گیا ہے۔ای سپورٹس کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کررہے ہیں، یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام اسے فروغ دیں گے اور اولمپکس کےلئے کھلاڑی تیار کریں گے۔ سربراہ پاکستان فری فائر ای سپورٹس حمزہ ہاشوانی،پی آر اوگرینا سپورٹس فلک گوندل،ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز عمیر حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹوبھی موجود تھے۔صوبائی سیریز کے فائنل میں چاروں صوبوں کی 12ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب کی 4،سندھ اور خیبر پی کے کی 3،3اور بلوچستان کی 2ٹیموں میں 48کھلاڑی شریک ہیں۔